ڈیلی دومیل نیوز،پاک فضائیہ نے سعودی عرب میں منعقد ہونے والی کثیرالملکی فضائی جنگی مشق ‘اسپیرز آف وکٹری 2026’ میں بھرپور اور منظم شرکت کا آغاز کر دیا ہے۔ پاکستان فضائیہ کا ایک دستہ، جس میں ایف۔16 بلاک۔52 لڑاکا طیارے اور ماہر فضائی و زمینی عملہ شامل ہے، مملکتِ سعودی عرب کے کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پہنچ چکا ہے۔
انٹرسروسز پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس کثیرالملکی فضائی مشق میں سعودی عرب، پاکستان، فرانس، اٹلی، یونان، قطر، بحرین، اردن، برطانیہ اور امریکا کی فضائی افواج کے لڑاکا طیارے اور معاون جنگی عملہ شریک ہیں۔ مشق میں مختلف ممالک کی فضائی افواج کی ہم آہنگ سرگرمیاں شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مشق شریک فضائی افواج کے درمیان باہمی تعاون، عملی اشتراک اور پیشہ ورانہ فہم کو فروغ دینے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔ مشق کے دوران بڑے پیمانے پر فورس کے استعمال، نائٹ کمپوزٹ ایئر آپریشنز، مربوط انٹیلی جنس، نگرانی و جاسوسی، اور جدید الیکٹرانک وارفیئر ماحول میں آپریشنز پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔