ڈیلی دومیل نیوز.مظفرآباد : پاسبان حریت جموں کشمیر نے خبردار کیا ہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ تنظیم کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے اقوامِ متحدہ کے ماہرین کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پہلگام میں حالیہ مشکوک واقعے کے بعد بھارتی فورسز کے جبر میں خوفناک اضافہ ہوا ہے۔
عزیر احمد غزالی کے مطابق، 2800 سے زائد کشمیریوں کی گرفتاری، UAPA کے ظالمانہ قوانین کے تحت حراستیں، تشدد، نظربندوں کو اہلخانہ اور وکلا سے ملاقات نہ دینا، گھروں کی مسماری، جبری بے دخلی، مواصلاتی بلیک آؤٹ اور صحافتی سرگرمیوں پر پابندیاں بھارتی ریاستی جبر کی بدترین مثالیں ہیں۔
چیئرمین نے دہلی دھماکے میں ایک کشمیری کو بے بنیاد طور پر ملوث کرنے کی بھارتی چال کو شرمناک اور خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے اور کشمیریوں کی جائز آزادی کی جدوجہد کو دہشت گردی سے جوڑنے کے لیے جھوٹے مقدمات، جعلی الزامات اور پروپیگنڈے کا سہارا لے رہا ہے۔