مظفرآباد (ڈیلی دومیل نیوز) قومی انسدادِ پولیو مہم (NID) 13 اکتوبر سے 16 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ مہم کا باقاعدہ آغاز ڈی ایچ او آفس مظفرآباد میں ایک پروقار افتتاحی تقریب کے ساتھ کیا گیا، جس کا افتتاح ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر مظفرآباد ڈاکٹر عبدالمتین نے کیا۔
تقریب میں عالمی ادارہ صحت (WHO) آزاد کشمیر کی ایریا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شازیہ خوشحال، ڈاکٹر نعمان اشرف، ڈاکٹر فاطمہ، اے ڈی ٹریننگ صباء شبیر، ڈی ایس وی شیخ رفیق، سید رافے، صابر حسین، مظہر الٰہی، شبیر حسین اور شہزاد احمد سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمتین نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے والدین کا تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 13 تا 16 اکتوبر کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ آزاد کشمیر کو پولیو فری علاقہ بنایا جا سکے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپروائزری ریویو کمیٹی (DSRC) اور ریڈینس میٹنگ بھی منعقد کی گئی جس کی صدارت ڈاکٹر عبدالمتین نے کی۔ اجلاس میں مہم کی تیاریوں، ٹیموں کی کارکردگی اور فیلڈ پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈاکٹر شازیہ خوشحال نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت مقامی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ کوئی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہ جائے۔
شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ یہ مہم بھرپور جذبے اور ذمہ داری کے ساتھ کامیابی سے مکمل کی جائے گی۔