16

مذہبی جماعت کا احتجاج، لاہور اور اسلام آباد کے داخلی راستے دوسرے روز بھی بند

(ڈیلی دومیل نیوز)راولپنڈی میں مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث فیض آباد کے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں، شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور متعدد مقامات پر لوگ پیدل سفر کرنے پر مجبور ہیں۔

مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث لاہور اور اسلام آباد کے تمام داخلی راستے دوسرے روز بھی بند ہیں، جس سے شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے اور معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں۔ لاہور میں داخلی راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے۔ سگیاں پل، راوی پل اور پرانے راوی کے راستے مکمل طور پر سیل ہیں۔ لاہور پریس کلب اور ملحقہ علاقوں میں بھی متعدد کنٹینرز موجود ہیں، جس سے شہریوں کو ضروری کاموں کے سلسلے میں شدید دقت پیش آرہی ہے۔

لاہور سے اسلام آباد موٹروے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے جبکہ اسلام آباد سے لاہور آنے والی موٹروے بھی مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔ لاہور داخلے کے لیے بابوصابو اور ٹھوکر نیاز بیگ سے موٹروے انٹری بند ہے۔

اسلام آباد میں موٹروے پر آنے والے تمام راستے بند جبکہ لاہور میں اورنج لائن ٹرین سروس دوسرے روز بھی معطل ہے۔

وزیرآباد میں جی ٹی روڈ کو مولانا ظفر علی خان بائی پاس اور چناب ٹول پلازہ کے قریب کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ خانکی بیراج، سیالکوٹ ایئرپورٹ، گجرات اور دریائے چناب پل کے قریب خندقیں کھود کر آمدورفت روک دی گئی ہے۔ کھاریاں، سرائے عالمگیر اور خانپور ہزارہ کے مقامات پر بھی جی ٹی روڈ مکمل بند ہے۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا کو ملانے والے راستوں پر ٹریلر اور کنٹینرز لگائے گئے ہیں۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ سے لاہور جانے والے راستے بند ہیں، ایم فور موٹروے پر لاہور کی جانب جانے والی ٹریفک روک دی گئی ہے۔ سیالکوٹ اور ڈسکہ کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے بھی بند ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں