(ڈیلی دومیل نیوز) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے عالمی برادری سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے شوہر جیل میں موت و زندگی کی کشمکش میں مبتلا ہیں اور انہیں علاج کی سہولتوں سے محروم رکھا جا رہا ہے۔
مشعال ملک نے ایک وڈیو پیغام میں انکشاف کیا کہ یاسین ملک کے دل کا پرانا والو ناکارہ ہو چکا ہے اور وہ فوری آئی سی یو علاج کے منتظر ہیں، لیکن بھارتی حکام علاج کی اجازت نہیں دے رہے۔
ان کے مطابق 1990 میں لگایا گیا میٹیلک ہارٹ والو اب مکمل طور پر ناکارہ ہو گیا ہے ساتھ ہی ان کی خوراک میں زہر ملانے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں اور یہ تمام صورتحال تشویشناک ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر دنیا نے خاموشی اختیار کی تو بہت دیر ہو جائے گی۔
مشعال ملک نے کہا کہ یہ صرف ایک شخص کی نہیں بلکہ انسانیت اور انصاف کی جنگ ہے۔ عالمی اداروں، انسانی حقوق کے علمبرداروں اور میڈیکل تنظیموں کو فوری طور پر یاسین ملک کے علاج کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔