94

مظفرآباد آیوڈین ملے نمک کے عالمی دن پر تقریب — آیوڈین جسمانی و ذہنی نشوونما کے لیے ناگزیر، ماہرین صحت

ڈیلی دومیل نیوز.مظفرآباد (خبرنگارخصوصی) آیوڈین ملے نمک کے استعمال کی افادیت و اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے عالمی دن کی مناسبت سے محکمہ صحت عامہ آزادکشمیر کے نیوٹریشن پروگرام کے تحت ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز آزادکشمیر و قائمقام ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر محمد فاروق اعوان، کوآرڈی نیٹر نیوٹریشن پروگرام اورنگزیب مغل، ڈائریکٹر بدرحسین ملک سمیت محکمہ صحت کے افسران، ماہرین اور لیڈی ہیلتھ ورکرز نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز آزادکشمیر ڈاکٹر محمد فاروق اعوان نے کہا کہ آیوڈین انسانی جسم کے لیے ایک نہایت ضروری جزو ہے جو دماغی نشوونما، جسمانی توازن اور تھائیرائیڈ گلینڈ کے درست افعال کیلئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آیوڈین کی کمی سے بچوں میں ذہنی پسماندگی، کمزور یادداشت، گلہڑ (گلے کی بیماری) اور مختلف ہارمونی عوارض پیدا ہوتے ہیں۔ اسی تناظر میں محکمہ صحت عامہ نے آزادکشمیر کے تین ہزار دیہات میں آیوڈین ملے نمک کے استعمال کے فروغ کے لیے گراس روٹ لیول پر ایک جامع مہم کا آغاز کردیا ہے۔ کوآرڈی نیٹر نیوٹریشن پروگرام اورنگزیب مغل نے کہا کہ سیکڑوں لیڈی ہیلتھ ورکرز گھر گھر جا کر عوام کو آیوڈین ملے نمک کے استعمال کی اہمیت سے آگاہ کر رہی ہیں تاکہ کوئی بھی خاندان اس بنیادی غذائی کمی کا شکار نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ آزادکشمیر عالمی ادارہ صحت (WHO) اور یونیسف کے تعاون سے غذائیت کی کمی کے خاتمے کے لیے مختلف منصوبوں پر عملدرآمد کر رہی ہے۔ ماہرین صحت نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ روزمرہ خوراک میں آیوڈین ملے نمک کا باقاعدہ استعمال نہ صرف بچوں کی ذہنی و جسمانی نشوونما کو بہتر بناتا ہے بلکہ حاملہ خواتین اور دودھ پلانے والی ماؤں کے لیے بھی انتہائی مفید ہے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء میں آگاہی مواد تقسیم کیا گیا اور عہد کیا گیا کہ آیوڈین ملے نمک کے استعمال کو ہر گھر تک عام کیا جائے گا تاکہ ایک صحت مند اور مضبوط معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں