ڈیلی دومیل نیوز،راولپنڈی/اسلام آباد(نامہ نگار) صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان سے ان کی رہائش گاہ پر سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان اور مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں آزادکشمیر کی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق، راجہ فاروق حیدر خان نے سردار عتیق احمد خان سے ان کی رہائش گاہ پر اہم ملاقات کی جس میں چیئرمین یوتھ ونگ سردار عثمان علی خان بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران آزادکشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ کے ممکنہ سیاسی لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعدازاں، مسلم لیگ (ن) کے صدر شاہ غلام قادر اور سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق نے بھی سردار عتیق احمد خان سے مجاہد منزل میں ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں کو سیاسی حلقوں میں غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے، تاہم دونوں جماعتوں کی جانب سے ملاقاتوں کی تفصیلات میڈیا کو جاری نہیں کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق، مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے اس سے قبل وزیر امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں سیاسی صورتحال اور ممکنہ اتحادوں پر مشاورت کی گئی۔