62

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن میں پلاسٹک آلودگی آگاہی سیشن کا انعقاد

ڈیلی دومیل نیوز.سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن میں پلاسٹک آلودگی آگاہی سیشن کا انعقاد،وکلاء، طلباء اور ماحولیاتی ماہرین کی شرکت، پلاسٹک کے حد سے زیادہ استعمال کو قومی مسئلہ قرار دیا تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام 29 اکتوبر کو ”Plastic Pollution Awareness” کے عنوان سے ایک پُرمغز آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں ماحولیاتی تحفظ اور پلاسٹک آلودگی کے تدارک سے متعلق اہم نکات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔تقریب کی صدارت صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن راجہ محمد آفتاب ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے کی، جبکہ سیکریٹری لائبریری قمر عالم اعوان ایڈووکیٹ، سابق ایڈووکیٹ جنرل خواجہ مقبول وار، شہزاد شفیع اعوان ایڈووکیٹ، راجہ ضیاء ایڈووکیٹ سمیت وکلاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سیشن میں دی سٹی اسکول سسٹم مظفرآباد کی ٹیم نے خصوصی شرکت کی، جو گریڈ 9، 10 اور 11 کے طلباء و طالبات پر مشتمل تھی۔ طلباء نے پلاسٹک آلودگی پر اپنی تحقیقی پریزنٹیشنز پیش کیں اور شہرِ مظفرآباد میں پلاسٹک بیگز کے بے جا استعمال، ڈسپوزل کے مسائل، اور ماحولیاتی اثرات پر سیر حاصل گفتگو کی۔شرکاء نے کہا کہ پلاسٹک کے حد سے زیادہ استعمال نے فطری ماحول کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جس کے نتیجے میں ماحولیاتی بگاڑ اور انسانی صحت پر منفی اثرات تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مسائل کے حل کے لیے وکلاء برادری، سول سوسائٹی اور حکومتی اداروں کو مشترکہ طور پر آگاہی مہمات چلانی چاہئیں تاکہ عوام میں ماحول دوست رویوں کو فروغ دیا جا سکے۔صدر راجہ محمد آفتاب ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں طلباء کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ”نوجوان نسل نے اس حساس مسئلے پر جس شعور اور تحقیق کا مظاہرہ کیا ہے، وہ قابلِ تحسین ہے۔” انہوں نے کہا کہ وکلاء کمیونٹی ماحولیاتی شعور کے فروغ اور صفائی و صحت کے بہتر معیار کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔تقریب کے اختتام پر طلباء کو تعریفی اسناد پیش کی گئیں، جبکہ تمام شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پلاسٹک آلودگی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں