102

انڈسٹریل کلسٹر بیس ٹریننگ پروگرام ریاست میں معاشی خوشحالی کی نئی راہیں کھولے گا چیئرمین اے جے کے ٹی ای وی ٹی اے

ڈیلی دومیل نیوز،مظفرآباد (نامہ نگار) چیئرمین آزاد جموں و کشمیر ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (AJKTEVTA) خواجہ محمد نعیم بسمل نے کہا ہے کہ انڈسٹریل کلسٹر بیس ٹریننگ پروگرام ریاست میں معاشی خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) کے تعاون سے جاری یہ پروگرام آزاد کشمیر کے تینوں ڈویژن — مظفرآباد، میرپور اور پونچھ — میں بھرپور کامیابی کے ساتھ جاری ہے، جس میں مختلف انڈسٹریل آرگنائزیشنز کے تعاون سے نوجوانوں کو جدید فنی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔

پروگرام کے تحت آٹو الیکٹریشن، کسٹمر سروس اینڈ سیل، بیوٹی تھراپی، ہیئر اسٹائلنگ و اسکن کیئر، وڈ ورکنگ، انڈسٹریل سٹیچنگ، ہینڈ ایمبرائیڈری، کارپٹ ویونگ، بیکنگ، کشمیری روایتی فوڈ، گھریلو مگس بانی مینیجر، اور میٹریل اینڈ پراسیس آرٹ ورک جیسے کورسز شامل ہیں۔

تربیت کا انعقاد ٹویوٹا آزاد موٹرز، آزاد میگا مارٹ، سکل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، AJK فرنیچرز، ذوق کشمیر، سکینہ IT اینڈ TVET انسٹیٹیوٹ، مظفرآباد انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنیکل سکلز، اتحاد ویلفیئر، ممتا کلیکشن، دیسی کوزین اور دیگر اداروں میں کیا جا رہا ہے۔

خواجہ محمد نعیم بسمل کے مطابق، 300 سے زائد مرد و خواتین ٹرینی اس پروگرام سے براہِ راست مستفید ہو رہے ہیں۔ اتھارٹی کی جانب سے ایک مربوط نظام کے تحت پروگرام کی مانیٹرنگ اور پراگریس ریویو جاری ہے تاکہ معیارِ تربیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ تربیت مکمل کرنے والے ہنرمند افراد اپنی مدد آپ کے تحت روزگار حاصل کرتے ہوئے نہ صرف اپنی زندگی بہتر بنائیں گے بلکہ ریاست کی معاشی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کریں گے، جو AJKTEVTA کے مقاصد کی عملی تکمیل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں