ڈیلی دومیل نیوز،آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ اور کارکن پارٹی کا اصل اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی بنیاد ہی عام آدمی کے حقوق کے تحفظ اور سماجی انصاف کے اصولوں پر رکھی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے پہلی مرتبہ وڈیروں اور جاگیرداروں کی اجارہ داری ختم کرتے ہوئے گرین پاسپورٹ عام پاکستانی کو دیا۔ اسی پالیسی کی بدولت آج لاکھوں پاکستانی اور کشمیری محنت کش مشرقِ وسطیٰ اور دیگر ممالک میں روزگار حاصل کر کے اپنے خاندانوں کی کفالت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کا یہ تاریخی اقدام پاکستان کے محنت کش طبقے کو معاشی طور پر مضبوط بنانے میں سنگِ میل ثابت ہوا اور اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار واہ فیکٹری میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر راجہ عمران، حافظ جوہر، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر سید آفتاب گیلانی، اظہر محمود،راجہ اظہر راٹھور ، مبشر علی راٹھور ، ملک عارف، ذولفقار حیات ،ریاض راٹھور ،اور دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے بھی اپنے دور میں عوامی خدمت اور کارکنوں کی عزت کو اولین ترجیح دی۔ انہوں نے ہمیشہ جمہوریت، عوامی حقوق اور غریب طبقے کی آواز بلند کی۔ یہی وجہ ہے کہ آج بھی پیپلز پارٹی کا کارکن اپنی شہید قیادت کے نظریے کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ قیادت آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور پارٹی کو مضبوط بنانے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکن پارٹی کا سرمایہ ہیں اور ان کی محنت اور قربانیوں کی بدولت پیپلز پارٹی آج بھی ملک کی بڑی سیاسی قوت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں اور آئندہ انتخابات میں کارکنوں کی طاقت اور عوامی حمایت سے پیپلز پارٹی ایک بار پھر حکومت بنا کر دکھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ جمہوریت، عوامی فلاح اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے آواز بلند کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی یہ جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں، عوام کے ساتھ رابطہ مضبوط کریں اور آنے والے انتخابات کی بھرپور تیاری کریں۔
3
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل