9

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا تاریخی عرب دورہ

ڈیلی دومیل نیوز،اسلام آباد: پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے گزشتہ دنوں مصر، اردن اور سعودی عرب کا تاریخی اور اہم دورہ کیا، جسے عسکری سفارتکاری کے فروغ کے حوالے سے ایک نمایاں پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ان دوروں کے دوران فیلڈ مارشل نے تینوں ممالک کی اعلیٰ قیادت اور عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں، جن میں انسداد دہشتگردی، دفاعی تعاون اور انٹیلی جنس اشتراک جیسے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق مصر، اردن اور سعودی عرب کی قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ ان ملاقاتوں میں خطے کے امن و استحکام، دہشتگردی کے خاتمے اور مشترکہ سلامتی کے فروغ کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق رائے پایا گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل کے یہ دورے مسلم ممالک کے درمیان عسکری اتحاد، بھائی چارے اور یکجہتی کی واضح علامت ہیں۔

تجزیہ کاروں نے اس امر پر زور دیا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی فعال عسکری سفارتکاری نے پاکستان کے عالمی تشخص کو مضبوط کیا ہے۔ ان کے سفارتی اور عسکری روابط سے نہ صرف خطے میں اعتماد کی فضا بحال ہو رہی ہے بلکہ پاکستان کے کردار کو امن، استحکام اور ترقی کے ضامن کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ دورے اس حقیقت کی بھی عکاسی کرتے ہیں کہ پاکستان اپنی ملٹری ڈپلومیسی کے ذریعے مسلم دنیا میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔ ان ملاقاتوں اور معاہدوں سے پاکستان کے عالمی وقار میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ ملک کی عسکری قوت کو ایک متوازن، مثبت اور فعال سفارتی قوت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں