5

حکومت آزاد کشمیر نے نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور آئی ٹی کے شعبے میں ترقی کے لیے تاریخ ساز اقدامات کا آغاز کر دیا

ڈیلی دومیل نیوز،حکومت آزاد کشمیر نے نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور آئی ٹی کے شعبے میں ترقی کے لیے تاریخ ساز اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کے ویژن کے مطابق آئی ٹی کو فروغ دیکر نوجوانوں کو معاشی طور پر خود کفیل بنانے کے لیے متعدد اہم منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اس سلسلہ میں سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی محمد راشد حنیف نے موسٹ سینئر وزیر و وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی میاں عبدالوحید کو محکمانہ بریفنگ دیتے ہوئے آزاد کشمیر میں آئی ٹی کے فروغ، ڈیجیٹل سہولیات اور مستقبل کے اہم منصوبوں کے حوالے سے بتایا کہ اس وقت مظفرآباد اور راولاکوٹ میں قائم آئی ٹی ایکسیلنس سینٹرز کامیابی سے کام کر رہے ہیں، جہاں بڑی تعداد میں نوجوان جدید آئی ٹی اسکلز سیکھ کر فری لانسنگ اور آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے باعزت روزگار حاصل کر رہے ہیں۔ ان آئی ٹی ایکسیلنس سینٹرز کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ آزاد کشمیر کے باقی آٹھ اضلاع میں بھی آئی ٹی ایکسیلنس سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔ آئندہ ایک سے دو ماہ کے اندر تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں یہ مراکز فعال ہو جائیں گے۔ ان کے ساتھ منی آئی ٹی پارکس بھی قائم کیے جائیں گے، جہاں نوجوان نہ صرف تربیت حاصل کریں گے بلکہ عملی طور پر آن لائن کام اور فری لانسنگ کے ذریعے اپنی آمدنی بھی شروع کر سکیں گے۔اس منصوبے کا بنیادی مقصد ریاست کے جوانوں کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت دیکر ہنرمند بنانا ہے تاکہ وہ قومی و بین الاقوامی سطح پر روزگار کے تقاضوں کے اہل ہو سکیں۔یہ منصوبہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں کے لیے معاشی خود کفالت کی نئی راہیں کھولے گا۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ حکومت آزاد کشمیر لینڈ ریکارڈ کی مکمل کمپیوٹرائزیشن کے لیے بھی ایک بڑا منصوبہ متعارف کرا رہی ہے۔ جن تحصیلوں میں ابھی تک لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کا عمل مکمل نہیں ہو سکا، ان کے لیے ڈیڑھ روپے لاگت کا نیا منصوبہ ترقیاتی ورکنگ پارٹی سے منظور کر کے اسے Public Sector Development Programme میں شامل کرنے کے لیے ارسال کیا جارہا ہے تاکہ زمینوں کے ریکارڈ کو مکمل طور پر جدید ڈیجیٹل نظام میں منتقل کیا جا سکے۔عوامی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے آسان خدمت مراکز کے قیام پر بھی کام جاری ہے۔ یہ منصوبہ وزیراعظم پاکستان کے ویژن کا حصہ ہے، جس کے تحت مختلف سرکاری محکموں کی خدمات ایک ہی چھت تلے تمام محکمہ جات کے کاونٹر ڈیسک قائم کر کے فراہم کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو مختلف دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ پہلے مرحلے میں یہ خدمت مرکز مظفرآباد میں قائم کیا جائے گا جبکہ بعد میں دیگر ڈویژنل ہیڈکوارٹرز اور اضلاع تک اس کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مستقبل کی پیش بندیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے جلد ہی تعلیمی اداروں میں آئی ٹی سکلز بالخصوص روبٹک، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، سائبر سیکورٹی کے حوالے سے نصاب مرتب/ ڈیزائن کر کے متعلقہ فورم پر پیش کیا جارہا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت آزاد کشمیر کی کوششوں سے ریاست میں جدید ٹیلی کمیونیکیشن سہولیات کے فروغ کی راہ بھی ہموار ہو رہی ہے۔ اس حوالے سے حکومت آزادکشمیر کا PTA حکام کے ساتھ مربوط لیزان ہے۔ پاکستان میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی ہو چکی ہے اور اس کے بعد آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی فائیو جی سروسز کے لیے اسپیکٹرم نیلامی کا عمل شروع کیا جائے گا۔ آزادکشمیر میں انٹرنیٹ کے معیار اور رفتار کو بہتر بنانے کے لیے فائبر آپٹک نیٹ ورک کو بھی توسیع دی جا رہی ہے، جس سے نہ صرف انٹرنیٹ اسپیڈ میں نمایاں بہتری آئے گی بلکہ فائیو جی سروسز کے آغاز کے لیے بھی مضبوط بنیاد فراہم ہوگی۔ آئی ٹی، ڈیجیٹل گورننس اور جدید ٹیلی کمیونیکیشن کے یہ اقدامات آزاد کشمیر کو ٹیکنالوجی کے میدان میں نئی بلندیوں تک لے جائیں گے اور نوجوانوں کے لیے ترقی اور خوشحالی کے نئے دروازے کھلیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں