ڈیلی دومیل نیوز(نمائندہ خصوصی)آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی (AKNS) کی ایگزیکٹیو باڈی نے حکومت آزاد کشمیر سے آمدہ بجٹ میں پرنٹ میڈیا کے بجٹ میں اضافے،ترقیاتی میزانیے کے اشتہارات کے بقایاجات موجودہ مالی سال کے اختتام سے قبل ادائیگی ، اشتہارات کی منصفانہ تقسیم یقینی بنانے اور ریاستی اخبارات کے ڈیجیٹل چینلز ، نیوز ویب سائٹس (سوشل میڈیا پلیٹ فارمز)کومحکمہ اطلاعات آزادکشمیر میں رجسٹر کروا نے کیلئے شرائط میں نرمی دئیے جانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ یہ مطالبہ آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی (AKNS) کے صدر ر امجد چوہدری کی زیر صدارت ایگزیکٹو باڈی کے اجلاس میں کیا گیا ۔اجلاس میں تنظیم کے سیکرٹری اطلاعات نثار احمدکیانی ، مظفرآباد سے ممبر ایگزیکٹو کمیٹی اشتیاق احمد آتش، میرپور سے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ممتاز خاکسارنے شرکت کی ،جبکہ راولاکوٹ سے نائب صدر عابد صدیق ، راولپنڈی اسلام آباد سے سیکرٹری مالیات اعجاز احمد خان ، سید دلاور بخار ی، ہارون الرشید ، میرپور سے سینئر نائب صدر شیر باز منیر چوہدری ،عامر ملک نے اپنے رائے کا اظہار کیا ۔۔ اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر کے پرنٹ میڈیا کو درپیش سنگین مالی و انتظامی مسائل کے حل کے لیے مشاورت کی گئی، آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی (AKNS) نے آزاد جموں و کشمیر کے مختلف سرکاری محکموں کی جانب سے اخبارات کے واجب الادا کروڑوں روپے کے اشتہاری بلات کی عدم ادائیگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ مالی سال کے اختتام سے قبل یہ رقوم فوری طور پر ادا کی جائیں،نان اے بی سی اخبارات کے ریٹس میں بھی اضافہ کیا جائے نیزعدالتی اشتہارات کے ریٹس میں 500فیصد اضافہ کیا جائے ،سوسائٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری اطلاعات سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ محکموں کو جاری شدہ ترقیاتی بجٹ سے واجبات کی ادائیگی کا پابند بنایا جائے۔محکمہ اطلاعات کے ساتھ موثر ربط کے لیے ہر محکمہ ایک فوکل پرسن نامزد کرے۔مالی سال کے اختتام سے قبل تمام اشتہاری بلات کلیئر کیے جائیں تاکہ ریاستی اخبارات اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کر سکیں۔آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی نے عندیہ دیا ہے کہ اگر اس مسئلے کو فوری حل نہ کیا گیا تو وہ صحافتی برادری کو اعتماد میں لے کر آئندہ کا احتجاجی لائحہ عمل مرتب کرے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر اے کے این ایس نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر میں آزادی صحافت، عوامی رائے کی تشکیل اور جمہوری تسلسل کو برقرار رکھنے میں پرنٹ میڈیا کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ آزادکشمیر کے صحافتی ادارے نہ صرف ریاستی معاملات کی نگرانی کرتے ہیں بلکہ حکومت کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے، کمزوریوں کی نشاندہی کرنے، اور عوام کے مسائل ایوانِ اقتدار تک پہنچانے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پُر امید ہیں کہ:آمدہ بجٹ میں ماضی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے حکومت پرنٹ میڈیا کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کرے گی، تاکہ مقامی اخبارات اپنے ادارتی و مالی وجود کو برقرار رکھ سکیں۔ترقیاتی میزانیہ کے اشتہارات کے تحت جو ادائیگیاں ابھی تک بقایا جات کی صورت میں رکی ہوئی ہیں، اُنہیں فوری طور پر کلیئر کیا جائے گا تاکہ اداروں کو سانس لینے کی مہلت ملے۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود ریاستی اخبارات نے ہر سطح پر حکومت کی مؤثر ترجمانی کی ہے اور مثبت صحافت کا علم بلند رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہحکومت آزادکشمیر پرنٹ میڈیا کو درپیش مالی بحران کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور عملی اقدامات کرے تاکہ جمہوری بیانیے، ادارہ جاتی استحکام، اور صحافت کی آزادی کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔
11