9

فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کا غیر معیاری دودھ فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، تین دکانیں سیل

ڈیلی دومیل نیوز.مظفرآباد (نامہ نگار خصوصی) فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی ٹیم نے غیر معیاری اور مضر صحت دودھ فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین دکانیں سیل کر دیں، جب کہ متعدد کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔

فوڈ اتھارٹی کی جانب سے یہ کارروائی چہلہ، پلیٹ اور بیلہ نور شاہ کے علاقوں میں کی گئی، جہاں موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی مدد سے دودھ کے سیمپل موقع پر ہی چیک کیے گئے۔

دودھ میں مضر صحت پاؤڈر اور پانی کی آمیزش ثابت
حاصل شدہ رپورٹس کے مطابق دودھ میں سکمڈ ملک پاؤڈر (SMP) اور پانی کی آمیزش واضح طور پر پائی گئی۔
ایس ایم پی کی یہ ملاوٹ نہ صرف غذائیت کو متاثر کرتی ہے بلکہ انسانی صحت کے لیے خطرناک بھی ہے۔
واضح رہے کہ اسکمڈ ملک پاؤڈر کو غیر قانونی طریقے سے استعمال کرتے ہوئے دودھ کے ٹھوس اجزاء کو بڑھا کر منافع کمایا جاتا ہے، جو کہ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

سیل، جرمانے اور اصلاحی نوٹسز
فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے تین دکانوں کو سیل کرتے ہوئے بھاری جرمانے عائد کیے۔ اس کے ساتھ ساتھ متعدد دکانداروں کو مستقبل میں ایسی خلاف ورزیوں سے باز رہنے کے لیے اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔

ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کا مؤقف
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ابرار احمد میر کا کہنا تھا کہ:

“فوڈ اتھارٹی مظفرآباد معیاری خوراک اور مشروبات کی فراہمی کے لیے پوری سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔ سفید دودھ کے نام پر زہر فروخت کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ:

“فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017ء اور فوڈ پیور ریگولیشن ایکٹ 2019ء کے تحت سخت قانونی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ شہری تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک کاروبار کی اطلاع ہیلپ لائن 1280 پر دیں، فوری ایکشن لیا جائے گا۔”

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں