57

فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے ناقص صفائی ستھرائی پر ہوٹل اورگودام سیل کر دیا

مظفرآباد(ڈیلی دومیل نیوز) فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے ناقص صفائی ستھرائی پر ہوٹل اورگودام سیل کر دیا۔فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے و اصلاحی نوٹسز جاری۔تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر قاضی شفیق الرحمن نے ہمراہ فوڈ اتھارٹی ٹیم سید محب علی نقوی و دیگر جلال آباد اور طارق آباد روڈ پر قائم ہوٹلز، کریانہ اسٹورز اور جنرل اسٹورز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران صفائی ستھرائی، ورکرز کی حفظان صحت، اشیائے خوردونوش کے معیار اور خوراک ہینڈلنگ کے طریقہ کار کی جانچ پڑتال کی گئی۔ دوران پڑتال جلال آباد کے ایک ہوٹل میں گندے برتن، ناقص صفائی اور ورکرز کے غیر معیاری حفظان صحت کے مسائل سامنے آئے۔ اشیائے خوردونوش میں معیار کی خلاف ورزی بھی نوٹ کی گئی، جس کی بنیاد پر فوری طور پر ہوٹل اور گودام سیل کر دیے گئے۔ دیگر فوڈ پوائنٹس کو اصلاحی نوٹسز اور جرمانے کیے گئے تاکہ آئندہ فوڈ سیفٹی قوانین کی مکمل پابندی یقینی بنائی جا سکے۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر نے کہا کہ عوام کی صحت ہماری اولین ترجیح ہے اور ناقص صفائی ستھرائی و غیر معیاری اشیائے خوردونوش کی روک تھام کے لیے کارروائیاں مستقل جاری رہیں گی۔ شہری کسی غیر معیاری فوڈ پوائنٹس یا ناقص صفائی ستھرائی کا مشاہدہ کریں تو فوری طور پر ہیلپ لائن نمبر 1280 پر اطلاع دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں