ڈیلی دومیل نیوز، ترجمان وفاقی محتسب کی جانب سے جاری کر دہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ وفاقی محتسب ریجنل آفس مظفر آباد میں منگل کے روز پاکستان بیت المال اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے خلاف کی جانے والی ستائیس شکایات کی سماعت ہوئی۔ سماعت وفاقی محتسب آزادکشمیر کے ایڈوائزر سردار جاوید ایوب نے کی۔ اس موقع پر پاکستان بیت المال کی طرف سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر مسٹر خاور محمود پیش ہوئے اور پی۔ٹی۔اے کی جانب سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر مسٹر انجم فرید پیش ہوئے۔ دوران سماعت شاکیان کا اظہار تھا کہ کافی عرصے سے بیت المال کو مالی امداد کے لیے درخواستیں دے رکھی ہیں مگر شنوائی نہیں ہوئی۔ جس پر مسٹر خاور محمود نے بتایا کہ اکثریتی کیسز مکمل کر کے اسلام آباد ہیڈ آفس بھیجوا دیئے گئے ہیں۔ جہاں سے مزید کاروائی ہوگی تاہم اے۔ڈی پاکستان بیت المال نے مزید بتایا کہ جن کے کیسز نامکمل ہیں اور ان درخواست گزران سے رابطہ کیا گیا مگر وہ نہ آئے۔ اس پر ایڈوائزر وفاقی محتسب نے سماعت میں موجود ایسے درخواست گزاران جن کا کیس مکمل نہیں ہے کو ہدایت کی کہ وہ کیس کی تکمیل کے لیے فوری پاکستان بیت المال آفس سے رجوع کریں تا کہ انکے کیسز یکسو ہوسکیں۔اسی طرح پی۔ٹی۔اے کے نمائندے نے بتایا کہ یو۔ایس۔ایف کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے اور اس کی فعالیت کے بعد آزادکشمیر میں انٹرنیٹ و موبائل سروس بہتر ہو جائے گی۔ تاہم ایڈوائزر وفاقی محتسب نے پی۔ٹی۔اے کو ہدایت کی کہ وہ موبائل آپریٹرز کو اپنی سروس کا معیار بہتر کرنے اور عوامی شکایا ت کے جلد ازالے کے لیے پابند کریں۔ سردار جاوید ایوب نے بیت المال کی کاوشوں کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ یہ محکمہ معذوروں، ناداروں اور بیواہوں کی پرورش و امدادکے لیے ہے ماہ رمضان میں ناداروں کو جلد از جلد امداد دینے کے لیے زیادہ دل جمعی سے اپنے فرائض ادا کیے جائیں تا کہ معاشرے کے محروم طبقات کی زندگیوں میں آسانی ہو اور وہ بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہو سکیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی محتسب کا دفتر وفاقی سرکاری محکموں کی غفلت نااہلی وبد انتظامی کے سدباب اور انسانی حقوق کی پاسداری کے لیے کوشاں رہے گا۔
40
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل