ڈیلی دومیل نیوز: سندھ حکومت نے صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز میں رائج قدیم ’نمبر سسٹم‘ ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نئے گریڈنگ نظام کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات پر ہوگا، جس کے تحت طلبہ کی کارکردگی اب نمبروں کے بجائے گریڈز کی بنیاد پر جانچی جائے گی۔
صوبائی وزیر برائے جامعات اسماعیل راہو کے مطابق سندھ بھر کے تعلیمی بورڈز میں امتحانی نتائج کے لیے استعمال ہونے والا نمبر سسٹم ختم کر کے بین الاقوامی معیار کے مطابق نیا گریڈنگ سسٹم نافذ کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اہم فیصلہ انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن (IBCC) کی جانب سے وفاقی سطح پر کیے گئے پالیسی فیصلوں کی روشنی میں کیا گیا ہے، تاکہ تعلیمی نظام میں یکسانیت پیدا کی جا سکے۔
نئے گریڈنگ سسٹم کا نفاذ صوبے بھر میں مرحلہ وار کیا جائے گا۔ رواں سال 2026 میں نویں اور گیارہویں جماعت (SSC-I اور HSSC-I) کے پہلے سالانہ امتحانات سے اس نظام کا آغاز ہوگا۔ اس کے بعد سال 2027 میں دسویں اور بارہویں جماعت (SSC-II اور HSSC-II) کے سالانہ امتحانات پر بھی اسی گریڈنگ سسٹم کا اطلاق کیا جائے گا۔