مظفر آباد (نمائندہ خصوصی): ایڈ ہاک اور عارضی ملازمین کی جانب سے 23 اپریل کو متوقع ریاست گیر احتجاج کے تناظر میں مرکزی کور کمیٹی کا ایک اہم مشاورتی اجلاس مظفر آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت سرپرست اعلیٰ راجہ اطہر علی خان نے کی، جب کہ صدر راجہ غلام جیلانی، وقاص مغل، انصر مغل، یاسر قدیر سمیت دیگر عہدیداران و اراکین بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں ریاست بھر کے ایڈ ہاک و عارضی ملازمین کو درپیش مسائل، مطالبات، اور 23 اپریل کو ہونے والے احتجاج کی تیاریوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملازمین کے جائز حقوق کے حصول کے لیے پرامن، منظم اور باوقار انداز میں آواز بلند کی جائے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ احتجاج کے دوران کسی بھی قسم کے غیر آئینی اقدام سے اجتناب کیا جائے گا، اور حکومت سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ وہ عارضی ملازمین کے مسائل کو فوری طور پر حل کرے اور مستقل تقرریوں کا شفاف اور میرٹ پر مبنی عمل شروع کیا جائے۔
مرکزی کور کمیٹی کے اراکین نے کہا کہ اگر حکومت نے سنجیدہ اقدامات نہ کیے تو ریاست گیر تحریک کو وسعت دی جائے گی۔ انہوں نے تمام متعلقہ ملازمین سے اپیل کی کہ وہ 23 اپریل کے احتجاج میں بھرپور شرکت یقینی بنائیں۔