9

مظفرآباد: ایران پر اسرائیلی حملوں کے خلاف مرکزی انجمن جعفریہ مظفرآباد کی احتجاجی ریلی اور مذمتی قراردادیں منظور

مظفرآباد (نامہ نگار) — برادر اسلامی ملک ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مرکزی انجمن جعفریہ مظفرآباد کے زیر اہتمام جامع مسجد امامیہ و امام بارگاہ پیر علم شاہ بخاری سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں تمام تنظیماتِ جعفریہ نے بھرپور شرکت کی۔ ریلی نے سی ایم ایچ روڈ پر جلسے کی شکل اختیار کی جس سے مختلف مذہبی و ملی رہنماؤں نے خطاب کیا۔

مقررین کے خطاب کی جھلکیاں
سید فرزند علی نقوی (صدر مرکزی انجمن جعفریہ مظفرآباد)،

مولانا ڈاکٹر سید یاسر عباس سبزواری (صدر مجلس وحدت المسلمین آزاد کشمیر)،

مولانا سید صادق حسین نقوی (صدر شیعہ علماء کونسل آزاد کشمیر)،

سید زوار حسین نقوی ایڈووکیٹ (چیئرمین جعفریہ سپریم کونسل)،

سید منظور حسین شاہ، مولانا ممتاز الحسینی، سید الطاف حسین نقوی (مرکزی جنرل سیکرٹری امامیہ آرگنائزیشن پاکستان)،

سید ہدیٰ عباس سبزواری (صدر ISO مظفرآباد) سمیت متعدد رہنماؤں نے خطاب کیا۔

مقررین نے اپنے خطاب میں امریکہ اور مغرب کی ایماء پر اسرائیل کی جانب سے ایران کی ایٹمی و فوجی تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں کا مقصد ایران کو کمزور کرنا اور اس کی فوجی صلاحیتوں اور سائنسدانوں کو نشانہ بنانا ہے۔ انہوں نے ایرانی قوم اور سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای سے مکمل یکجہتی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

اسرائیل اور امریکہ کے خلاف شدید الفاظ
مقررین نے امریکہ کو “شیطانِ بزرگ” اور اسرائیل کو “ناجائز اولاد” قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین، لبنان اور یمن پر مظالم کے پسِ پشت گریٹر اسرائیل کا ناپاک منصوبہ ہے، جس کے ذریعے وہ نیل سے فرات تک توسیع کا خواب دیکھ رہا ہے۔ مقررین نے کہا کہ ایران، حزب اللہ اور انصار اللہ ان توسیع پسند عزائم کے خلاف بڑی رکاوٹ ہیں۔

ایران کے ایٹمی پروگرام کی حمایت
خطاب میں اس بات پر زور دیا گیا کہ علم اور ایٹمی ٹیکنالوجی پر ہر پرامن اور باصلاحیت قوم کا اتنا ہی حق ہے جتنا مغربی اقوام کا۔ ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کے خلاف پابندیاں، الزامات، اور اسرائیلی حملے قابلِ مذمت ہیں۔

او آئی سی اور پاکستان سے مطالبات
مقررین نے او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کا فوری نوٹس لے اور اقتصادی ناکہ بندی جیسے ٹھوس اقدامات کرے۔ پاکستانی حکومت سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ دوٹوک الفاظ میں اسرائیلی حملوں کی مذمت کرے اور بین الاقوامی سطح پر فعال کردار ادا کرے۔

متفقہ قراردادیں
ریلی کے آخر میں سید زوار حسین نقوی نے مذمتی قراردادیں پیش کیں جنہیں شرکاء نے متفقہ طور پر منظور کیا۔ قراردادوں میں:

ایران کی ایٹمی و فوجی تنصیبات اور شہریوں پر اسرائیلی حملوں کی مذمت

ایران کی سائنسی و عسکری قیادت کی شہادت پر تعزیت

حکومت پاکستان سے اسرائیلی جارحیت کی دوٹوک مذمت کا مطالبہ

امت مسلمہ سے اسرائیل کے خلاف متحدہ حکمت عملی کی اپیل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں