8

مظفرآباد ضلعی انتظامیہ اور بلدیہ کی غفلت، مین شاہراہوں پر ریڑھی بانوں کا قبضہ، شہری پریشان

ڈیلی دومیل نیوز.مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) دارالحکومت مظفرآباد کی مرکزی شاہراہوں پر ریڑھی بانوں کے بڑھتے ہوئے قبضے شہریوں کے لیے وبالِ جان بن گئے۔ ضلعی انتظامیہ، بلدیہ اور تجاوزات انسپکٹروں کی مبینہ ملی بھگت کے باعث شہر کے اہم تجارتی و رہائشی علاقوں میں فٹ پاتھ اور سڑکیں ریڑھی بانوں، تھڑہ فروشوں اور عارضی دکانداروں کے قبضے میں ہیں، جس سے پیدل چلنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

پیدل چلنا دشوار، ٹریفک کا نظام درہم برہم
شہر کے مصروف ترین علاقوں چھتر، ماکڑی، کچہری روڈ، گوجرہ بازار، اور صدر بازار میں جگہ جگہ غیر قانونی اسٹالز اور ریڑھیاں لگی ہوئی ہیں۔ ان علاقوں میں فٹ پاتھ مکمل طور پر بند ہونے کے باعث خواتین، بزرگ شہریوں اور طلبہ کو سڑک کے درمیان سے گزرنا پڑتا ہے، جو حادثات کا خطرہ بڑھا رہا ہے۔

شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ بلدیہ کے اہلکار ماہانہ بنیادوں پر نذرانے وصول کرتے ہیں اور اسی ملی بھگت کی وجہ سے تجاوزات کے خلاف کارروائی صرف تصویری بیانات تک محدود ہے۔

شہریوں کا احتجاج، اعلیٰ حکام سے نوٹس کا مطالبہ
متعدد شہریوں، خاص طور پر کاروباری طبقے اور ٹرانسپورٹ مالکان نے چیف سیکرٹری آزادکشمیر، کمشنر مظفرآباد ڈویژن اور میئر بلدیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین شہری مسئلے کا نوٹس لیں اور متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن نہ کیا گیا تو وہ احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہو جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں