22

ن لیگ عوامی جماعت ہے، کارکنان کا استحصال برداشت نہیں کریں گےسینئر سیاسی رہنما مسلم لیگ (ن)راجہ عبدالقیوم

ڈیلی دومیل نیوز.مظفرآباد (نامہ نگار) — پاکستان مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے نائب صدر اور سینئر سیاسی رہنما راجہ محمد عبدالقیوم خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ایک عوامی، تعمیری اور نظریاتی جماعت ہے جو عوامی حقوق اور ترقیاتی منصوبوں پر گہری نظر رکھتی ہے۔ حلقہ 5 کھاوڑہ میں پارٹی کارکنان کے ساتھ ہونے والا استحصال اور انتقامی سلوک ناقابلِ قبول ہے۔

انہوں نے کہا کہ کارکنان جماعت کا سرمایہ ہیں، ان کی عزتِ نفس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تمام کارکنان اتحاد، اتفاق اور قیادت کے فیصلوں کا احترام کریں۔ جس کو بھی پارٹی ٹکٹ ملا، اس کی غیر مشروط حمایت کی جائے گی۔

مسلم لیگ (ن) کا ترقیاتی وژن
راجہ عبدالقیوم نے کہا کہ آزادکشمیر میں بجٹ میں دوگنا اضافہ اور 13ویں آئینی ترمیم کے ذریعے مالی خودمختاری میاں محمد نواز شریف کے ویژن کا نتیجہ ہے۔ 2016 تا 2021 مسلم لیگ (ن) حکومت نے میگا پراجیکٹس، ختم نبوت قانون اور دیگر عوامی اقدامات کو عملی جامہ پہنایا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) دو تہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور کارکنان کو مایوس نہیں کیا جائے گا۔

ملکی معیشت اور دفاع پر اظہارِ اطمینان
سابق وزیر حکومت نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف میاں نواز شریف کے ویژن کے مطابق ملک میں ترقیاتی سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ آج پاکستان کی معیشت ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل کر درست سمت میں گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ 7 مئی 2025 کو بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے کر آرمی چیف جنرل حافظ عاصم منیر نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ آج دنیا پاکستان کے نئے اعتماد، ولولے اور ترقی کا اعتراف کر رہی ہے۔

کشمیر اور فلسطین کی آزادی کی نوید
راجہ عبدالقیوم نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کی آزادی اب دور نہیں۔ ان شاء اللہ جلد کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا اور کشمیری عوام آزادی کی نعمت سے ہمکنار ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں